Friday, August 14, 2026

V C of J M I releases Armaghan-14

 

Vice-Chancellor of Jamia Millia Islamia releases Armaghan-14, the Annual Publication of the Department of Urdu


شیخ الجامعہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے دست مبارک سے  شعبہ اردو کےسالنامہ ْارمغان-14 کا اجرا عمل میں آیا

  عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے دستِ مبارک سے جامعہ کے ’یاسر عرفات ہال‘ میں شعبہ اردو کے سالانہ مجلہ ’ارمغان‘ کے چودہویں شمارے کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر اقتدار محمد خاں بھی موجود تھے۔ مجلہ ’ارمغان‘ کا امتیاز یہ ہے کہ اس کا ہر شمارہ کسی ایک خصوصی مرکزی موضوع پر مشتمل ہوتا ہے۔ تازہ شمارے کا مرکزی عنوان ”ترقی پسندی، جدیدیت، مابعد جدیدیت (تصور، تجزیہ، تخلیق)“ہے۔ اس شمارے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلی مرتبہ جامعہ پریس، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے شائع ہوا ہے۔ اس حوالے سے شیخ الجامعہ نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس شاندار علمی و ادبی مجلّے کی اشاعت پر تہنیت پیش کی۔ اس شمارے کے سرپرست شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف، مدیرِ اعلیٰ کوثر مظہری اور مدیر پروفیسر عمران احمد عندلیب ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ایک سالانہ ریسرچ اور ریفریڈ جرنل ہے، جس میں باضابطہ ممتاز ادیبوں پر مشتمل مجلسِ مشاورت، مجلسِ ادارت اور مجلسِ مراجعین کی بھی تشکیل کی گئی ہے، جو باقاعدہ جامعہ انتظامیہ سے منظورشدہ ہیں۔ اس شمارے کو تین ذیلی حصوں میں منقسم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں ترقی پسندی، جدیدیت اور مابعد جدیدیت کے حوالے سے آلِ احمد سرور، محمد حسن، گوپی چند نارنگ، باقر مہدی، شمیم حنفی، عتیق اللہ اور لطف الرحمن جیسے ممتاز ناقدین کے نظری مقالات شامل ہیں۔ دوسرے حصے میں منتخب افسانوں اور نظموں کے تجزیے بھی نہایت وقیع ہیں۔ تیسرے حصے میں منتخب افسانے اور نظموں کے متون بھی شائع کیے گئے ہیں۔ افسانوں میں رشید جہاں، خواجہ احمد عباس، سریندر پرکاش، نیر مسعود، قمر احسن، عبدالصمد، سلام بن رزاق، ذکیہ مشہدی، غضنفر، سید محمد اشرف اور خالد جاوید کا ایک ایک افسانہ منتخب کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ 45 نئے اور پرانے شعرا کی نظمیں بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے یہ شمارہ دستاویزی حیثیت کا حامل ہے۔

تقریبِ رسمِ اجرا کے اس یادگار موقع پرپروفیسر کوثر مظہری، صدرِ شعبہ اردو،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے علاوہ شعبہ اردو کے اساتذہ پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، پروفیسر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر محمد مقیم اور ڈاکٹر جاوید حسن موجود تھے۔


پروفیسر صائمہ سعید

افسر اعلی تعلقات عامہ

جامعہ ملیہ اسلامیہ

 


No comments:

Popular Posts